سکھر: سکھر یونین آف جرنلسٹس اور سکھر پریس کلب نے عدالت عظمیٰ کی جانب سے شہید ارشد شریف کے قتل پر از خود نوٹس لینے کا خیر مقدم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر یونین آف جرنلسٹس اور سکھر پریس کلب کیجانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ معروف صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے کینیا میں بہیمانہ قتل پر چیف جسٹس آف پاکستان کیجانب سے ازخود نوٹس لینے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ عدالت عظمیٰ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے شہید ارشد شریف کے بہیمانہ قتل پر از خود نوٹس لیا، امید کرتے ہیں کہ
شفاف تحقیقات کے ذریعے قاتلوں کی گرفتاری کا عمل یقینی بنایا جائے گا۔
سکھر یونین آف جرنلسٹس اور سکھر پریس کلب کے صدور و جنرل سیکرٹریز سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کیجانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ شہید ارشد شریف قتل میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کرنے اور کیفر کردار تک پہنچانے سے انصاف کا بول بالا، اظہارِ رائے کی آزادی کو تقویت اور جمہوری روایات کو فروغ حاصل ہوگا۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے تمام قلم کے مزدورچیف جسٹس آف پاکستان کیجانب سے از خود نوٹس لینے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس کا آج شام تک ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم
جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ارشد شریف پاکستان میں حق سچ کی آواز تھے جس نے اپنے قلم کے ذریعے سماج کے مکروہ چہروں کو بے نقاب کیا شہید ارشد شریف نے آخری دم تک حق وسچ کاعلم بلند رکھا اور کوئی سمجھوتہ کئے بغیر اپنے مشن سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے۔
بیان میں کہا گیا کہ ملک بھر کی صحافتی برادری اور صحافتی تنظیمیں شہید ارشد شریف کے قاتلوں کی سزا تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آج شام تک ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی آر کی کاپی اور انکوائری رپورٹ طلب کررکھی ہے۔