سکھر : کوئنس روڈ کے علاقے سے لاپتہ چھ بچوں کا تین روز بعد بھی سراغ نہ مل سکا، وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں کی گمشدگی کا نوٹس لے کر انتطامیہ کو بچوں کے والدین سے مکمل تعاون کی ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق کوئنز روڈ پر حماد پلازہ کے رہائشی چھ بچے جمعہ کی شام گھروں سے کرکٹ کھیلنے کا کہہ کر نکلے اور واپس گھرنہیں پہنچے، لاپتہ بچوں کی عمریں گیارہ سے سولہ سال کے درمیان ہیں جن میں تین سگے بھائی بھی شامل ہیں۔
بچوں کے کپڑے سکھربیراج کے پاس سے ملے تھے، جس کے بعد نہاتے ہوئے بچوں کے دریا میں ڈوبنے کا خدشہ ظاہر کیا گیاہے، نیوی کے غوطہ خوروں نے بچوں کی تلاش کیلئے زیرو پوائنٹ سے سکھر بیراج تک ریسکیو آپریشن کیا لیکن تاحال بچوں کاسراغ نہیں مل سکا۔
دوسری جانب سکھر پولیس نے تحقیقات کادائرہ وسیع کردیا ہے۔ سراغ رساں کتوں کے ذریعے دریا کنارے علاقوں میں بچوں کوتلاش کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ایک بچے نے بتایا کہ لاپتہ بچے ہر روز کرکٹ کھیلنے کے بعد دریا میں نہانے جاتے تھے، پولیس کو ملنے والے سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی بچوں کو دریا کی جانب جاتے دیکھا جا سکتا ہے، بچوں کی تلاش کیلئے انتظامیہ کی طرف سے بروقت نہ پہنچنے پرعلاقہ مکینوں نےاحتجاج بھی کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چھ بچوں کی گمشدگی کا نوٹس لے لیا، انہوں نے بچوں کے والدین سے ٹیلفونک رابطہ کیا، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بچوں کے والدین کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو بچوں کےوالدین سے مکمل تعاون کی ہدایات بھی جاری کیں۔