ہفتہ, نومبر 2, 2024
اشتہار

2023 کے دوران سکھر میں سنگین وارداتوں میں ریکارڈ اضافہ

اشتہار

حیرت انگیز

سکھر: سال 2022 کے نسبت 2023 میں جرائم کی وارداتوں اور مقدمات کے اندراج میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سکھر پولیس کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا کہ جنوری سے اگست  تک قتل اغوا ڈکیتی موٹر سائیکل اور موبائل چوری کی وارداتوں میں اضافہ جبکہ ستمبر  سے دسمبر تک جرائم میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق سینئر صحافی جان محمد مھر کا قتل اور دن دہاڑی درجنوں مسلح ملزمان کا تھانے کے سامنے سے گزر کر دو افراد کو قتل اور دو خواتین کو اغوا کرنے کا معاملہ سال کے بڑے جرائم میں شمار کیا جاتا ہے

- Advertisement -

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2023 کے دوران ضلع سکھر کے 27 تھانوں پر 3100 سے زائد مقدمات کا اندارج ہوا،  ضلع بھر میں سال 2023 کے دوران 60 افراد قتل کیئے گئے جن میں سے 25 افرد کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں سال کے دوران ریپ کے 19 اور گینگ ریپ کے 3 واقعات رپورٹ ہوئے، رواں برس اغوا کے 22 واقعات میں 27 افراد کو اغوا کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ  27 مغویوں کو باحفاظت بازیاب کروانے کے علاوہ 20 افراد کو نسوانی آواز پر اغوا ہونے سے بچایا گیا، پورے سال کے دوران ڈکیتی اور راہزنی کی 70 جبکہ گھروں اور دکانوں سے چوری کی 126 وارداتیں ہوئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال کے دوران  116 موٹر سائیکل اور 15 کار چوری اور 56  شہریوں سے موٹرسائیکل ایک شہری سے کار چھینی گئی، سال 2023 کے دوران 400 سے زائد شہریوں کے موبائل فون چوری ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے کارروائیوں کے دوران 22 کاریں 91 موٹر سائیکلیں 20 دیگر گاڑیاں اور 250 مسروقہ موبائیل مالکان کے سپرد کیئے، سال 2023 میں پولیس اور ڈاکووں کے درمیان 198 پولیس مقابلے ہوئے۔

ایس ایس پی سکھر عرفان سموں نے بتایا کہ اس سال پولیس مقابلوں میں 12 انتہائی خطرناک ڈاکو ہلاک 78 زخمی ہوئے، پولیس نے مقابلوں میں 211 ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے 51 گینگز کا خاتمہ  کیا۔

ایس ایس پی سکھر نے بتایا کہ پولیس مقابلوں اور مختلف کارروائیوں میں جرائم پیشہ افراد سے  پولیس نے 20 کلاشنکوف 11 رائیفل 205 پسٹل 2 گرنیڈ 7453 گولیوں کے رائونڈ برآمد کیئے گئے۔ مختلف کارروائیوں میں سال کے دوران 1674 مفرور اور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ایس ایس پی سکھر کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف 337 مقدمات درج کرکے 283 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، منشیات فروشوں سے 10 کلو آفیم، 284 کلو چرس 2995 کلو بھنگ اور 4553 بوتلیں شراب برآمد کیا گیا۔

ایس ایس پی عرفان سموں نے بتایا کہ رواں سال جواریوں کے خلاف 181 مقدمات درج کرکے 1028 جواریوں کو گرفتار کیا گیا، نشہ آور چھالیا، گٹہ اور ماوا فروخت کرنے والوں کے خلاف 153 مقدمات کا اندراج کرکے 198 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

Comments

اہم ترین

سحرش کھوکھر
سحرش کھوکھر
Sehrish Khokhar is ARY News Sukkur Correspondent

مزید خبریں