سکھر: سلطان پور میں قبضہ مافیا نے کئی قبریں مسمارکردیں اور بچی کی لاش قبر سے نکال کر بے حرمتی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنو عاقل کے سلطان پور کے نواحی گاؤں میو مہر میں حسن پیر کے قبرستان پر علاقے کے بااثر وڈیرے نے مبینہ قبضے کے بعد بچوں کی لاشیں دفنانے پر پابندی لگا دی۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ مبینہ قبضہ مافیا نے متعدد قبروں کو مسمار کر رکھا ہے، بااثر وڈیرے نے کچھ عرصہ قبل قبرستان پر قبضہ کر کے کاشتکاری بھی کی۔
قبضہ مافیا نے مبینہ طور پر معصوم بچی کی لاش قبر سے نکال کر قبر میں کانٹے دار جھاڑیاں ڈال دی، بچی کے والد کا الزام ہے کہ بااثر وڈیرے کے کہنے پر قبضہ مافیانے بچے کی لاش قبرسےنکالی ہے۔
مرحوم بچی کے والد صابر مہر نے خاموش احتجاج کیا اور بتایا کہ بااثر ہمیں جاں بحق بچوں کی لاشیں دفنانے نہیں دیتے ، بچی کی لاش قبر سے نکال کر بے حرمتی کی گئی ، سخت سردی میں لاش سڑک پر رکھ کر بیٹھے ہیں انصاف کیا جائے ۔
والد محمد صابر مہر اور اس کے لواحقین صبح سے لاشیں رکھ کر احتجاج کر رہے ہیں ، تاہم علاقے کے ایس ایچ او نے کہا کہ علاقے میں جا کر تفصیلات لیتے ہیں اور معاملہ حل کرتے ہیں۔
ایس ایچ او سلطان پور کے مطابق علاقےمیں پولیس نفری روانہ کردی گئی ہے،موقع سے تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی۔