پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

سفاک شوہر نے تشدد کے بعد بیوی کو زندہ دفن کردیا، ملزم گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

سکھر : سفاک شوہر نے گھریلو تنازعے پراپنی بیوی بہیمانہ تشدد کیا اور مبینہ طور پر بے ہوشی کی حالت میں گھر میں ہی زندہ دفن کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے لاش برآمد کرلی۔

سکھر کے علاقے کندھرا میں پولیس کو مقتولہ فردوس شیخ کی تشدد زدہ لاش ایک گھر کے صحن سے رِلی میں لپٹی ہوئی ملی جس پر سرکار کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا، مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی۔

سکھر سے اے آر وائی نیوز نمائندے جہانزیب وسیر کے مطابق کندھرا تھانے کی حدود میں واقع گاؤں ابیجانہ میں شوہر نے بیوی کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد رسی سے گلا گھونٹ کرقتل کردیا تھا، دوسری جانب نمائندے کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم نے سر پر اینٹوں کے وار سے اسے زخمی کیا اور جب وہ بے سدھ ہوکر گر پڑی تو اسے مبینہ طور پر زندہ دفن کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم منور بھابھو نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو گھر کے احاطے میں دفن کرکے جائے وقوعہ سے اپنے تین بچوں سمیت فرار ہوگیا تھا جسے بعد ازاں حراست میں لے لیا گیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقتولہ کی لاش کو گھر سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق ملزم منور بھابھو نشے کا عادی ہے اور اس کا اکثر اپنی بیوی سے جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں