پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

24 گھنٹوں میں 300 ملی میٹر بارش! سکھر میں بارشوں کا 77 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

سکھر : سکھر میں بارشوں کا 77 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ، جہاں 24 گھنٹوں کے دوران تقریباََ 300 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں مون سون کا تباہ کن اسپیل جاری ہے، سندھ اور بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچارکھی ہے۔

سکھر میں ستتر سالہ تاریخ کی سب سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی، چوبیس گھنٹے کے دوران تین سو ملی میٹر بارش نے شہر ڈبودیا۔

سڑکیں اور پل تباہ ہونے سے رابطے منقطع ہوگئے ، بجلی کا نظام بیٹھ گیا اور گھروں، بازاروں، مارکیٹوں، دکانوں اور اسپتالوں میں پانی جمع ہوگیا۔

سکھرمیں بارش پر میئر بیرسٹر ارسلان شیخ نے بتایا کہ 77سالہ تاریخ میں گزشتہ روزسب سےزیادہ 292ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی، گھنٹہ گھر،بندرروڈ ، ہائیکورٹ روڈ،پراناسکھر،ٹانگہ اسٹینڈو دیگر علاقوں سےپانی کی نکاسی کردی ہے۔

2022میں374 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی 12دن کاریکارڈ تھا، گزشتہ روز 292 ملی میٹر بارش صرف ایک دن میں ریکارڈ کی گئی تاہم کچھ ہی گھنٹوں میں تمام علاقوں سےپانی کی نکاسی کا کام مکمل کر لیا ہے۔

موئن جوڈرو کے آثار قدیمہ بھی بارش سے بری طرح متاثر ہوئے، دیواریں کمزور پڑنے لگیں، اور کئی مقامات پر گڑھے پڑگئے۔

دادو اور جوہی میں کیرتھر پہاڑوں پر بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بارشوں نے نوشہرو فیروز کا بھی حلیہ بگاڑدیا۔

دوسری جانب بلوچستان میں سیلابی ریلوں نے مستونگ میں تباہی مچائی، تیزپانی سڑکوں کو بہا لے گیا، پل ٹوٹ گئے، سیب اور انگور کے باغات تباہ ہوگئے۔

نصیرآباد اور اوستہ محمد میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے، سیوریج نظام تباہ ہونے سے سڑکیں، گلیاں، پانی میں ڈوب گئیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا، کچے مکانات گرگئے، بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں