کوالمپور: کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے، قومی ہاکی ٹیم کے لئے اچھی خبر ہے کہ نو سال بعد اہم ترین ٹورنامنٹ میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ دو ہزار بائیس کا ایڈیش کھیلے گی، ایونٹ میں شرکت کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف ) کو دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے۔
سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ رواں سال پندرہ نومبر سے پچیس نومبر تک کوالمپور میں کھیلا جائے گا، سال دوہزار تیرہ کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستان اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا۔
عالمی وبا کرونا کے باعث گذشتہ دو سالوں کے درمیان ایونٹ کا انعقاد نہیں ہوسکا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ ہاکی: قومی ٹیم کس پوزیشن پر رہی ؟
سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان کی کارکردگی کا موازنہ کیا جائے تو قومی ٹیم نے تین بار یہ ایونٹ اپنے نام کیا ہے۔
واضح رہے کہ اذلان شاہ کپ ہاکی کا آغاز انیس سو تراسی میں ہوا تھا، ابتدا میں یہ ہر دو سال بعد منعقد کیا جاتا تھا تاہم انیس سو اٹھانوے سے اسے ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔
ٹورنامنٹ کا نام ملائیشیا کے نویں بادشاہ سلطان اذلان شاہ پر رکھا گیا جو کہ ہاکی کے نہایت شوقین تھے، ان کا انتقال سال دوہزار تیرہ میں ہوا۔