اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

عمان کے سلطان نے دفاعی اور قومی سلامتی کونسل کی تنظیم نو کا حکم جاری کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

مسقط: سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق نے سلطنت کی دفاعی اور قومی سلامتی کونسل کی تنظیم نو کا حکم جاری کیا ہے، دفاعی کونسل کے سربراہ وہ خود ہوں گے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق نے تین سلطانی فرامین جاری کیے ہیں، دفاعی کونسل اور قومی سلامتی کونسل کی تنظیم نو کی ہے جبکہ فوجی افسران کے تقرر اور ترقی کے احکام بھی جاری کیے ہیں۔

سلطان ہیثم نے پہلا فرمان جاری کر کے دفاعی کونسل اپنی سربراہی میں قائم کی ہے، نائب وزیر اعظم برائے امور دفاع اور ایوان سلطانی کے وزیر نیز مواصلاتی ادارے کے سربراہ، داخلی سلامتی کے ادارے کے سربراہ، پولیس اور کسٹم کے انسپکٹرز جنرل اور افواج کے چیف آف اسٹاف کو بھی دفاعی کونسل میں شامل کیا ہے۔

- Advertisement -

سلطانی فرمان کے مطابق دفاعی کونسل ملک کی سلامتی اور دفاع کے تحفظ سے تعلق رکھنے والے تمام امور کی ذمہ دار ہوگی۔

سلطان ہیثم نے سلطانی فرمان جاری کر کے قومی سلامتی کونسل تشکیل دی ہے، اس کے صدر خود سلطنت عمان کے فرمانروا ہوں گے جبکہ ایوان سلطانی کے وزیر، محکمہ مواصلات کے سربراہ، داخلی سلامتی کے ادارے کے سربراہ، پولیس و کسٹم کے انسپکٹر جنرل اور عمانی افواج کے چیف آف اسٹاف اس کے ممبر ہوں گے۔

سلطانی فرمان کے مطابق قومی سلامتی کونسل ملک کی سلامتی سے تعلق رکھنے والے تمام امور کی ذمہ دار ہوگی، یہ اپنے اجلاس میں غیر رکن افراد کو بھی مدعو کر سکتی ہے۔

سلطان ہیثم نے تیسرا فرمان جاری کر کے بریگیڈیئر ناصر المعولی کو میجر جنرل اور قومی سلامتی کونسل کا سیکریٹری جنرل مقرر کردیا۔

بریگیڈیئر سلیمان الزکوانی کو میجر جنرل کے منصب پر ترقی دے کر فوجی امور کا سیکریٹری جنرل بنا دیا اور بریگیڈیئر مسلم جعبوب کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر اسپیشل شاہی فورس کا کمانڈر متعین کیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں