ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی کھیل پر مبنی فلم ’سلطان‘ کل عید الفطر کے موقع پر ریلیز کردی جائے گی۔
یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’سلطان‘میں سلمان خان اورانوشکا شرما مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
فلم کی تشہیری مہم کے دوران سلمان خان اپنے بیان کے باعث شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
سلمان خان کے متنازعہ بیان پر گرل فرینڈ کا مشورہ *
ایک انٹرویو میں ان سے فلم کی ٹریننگ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ پہلوانی کی سخت ٹریننگ کے بعد خود کو زیادتی کا شکار ایک خاتون جیسا محسوس کرتے تھے۔
ان کے اس بیان پر بھارت بھر میں بھونچال آگیا۔ خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا جبکہ ہریانہ میں زیادتہ کا شکار ایک لڑکی نے سلمان خان پر 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کردیا۔
واقعہ پر سلمان خان کے والد نے بھی معافی مانگی البتہ سلمان خان نے معافی مانگنے سے انکار کردیا۔
سلمان خان کا ہما قریشی کے لیے رمضان کا تحفہ *
فلم ’سلطان ‘میں سلمان خان ہریانہ سے تعلق رکھنے والے معروف پہلوان سلطان علی خان کے روپ میں نظر آئیں گے۔ سلطان علی خان ہندوستان کو اولمپکس میں ریسلنگ میں گولڈ میڈل جتوانے میں کامیاب ہوئے تاہم اس کے بعد ان کی زندگی میں کافی مسائل پیش آئے اور اسی پر یہ فلم مبنی ہے۔
فلم میں انوشکا شرما بھی خاتون ریسلر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔
فلم بھارت اور پاکستان میں کل عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جارہی ہے۔