واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز کہا کہ یوکرین کے شہر سومی پر روسی حملہ، جس میں کم از کم 34 افراد ہلاک ہوئے، ’’ایک بھیانک واقعہ‘‘ ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ’’میرے خیال میں یہ دہشت ناک تھا، مجھے بتایا گیا کہ انھوں نے غلطی کی ہے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک بھیانک چیز تھی۔ میرے خیال میں پوری جنگ ہی ایک خوفناک چیز ہے۔‘‘
ٹرمپ واشنگٹن واپس جاتے ہوئے ایئر فورس ون کے بورڈ میں موجود صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ تاہم امریکی صدر نے ’’غلطی‘‘ کی نوعیت کی وضاحت نہیں کی، بلکہ جب ان سے پوچھا گیا کہ اس کا کیا مطلب ہے، تو ٹرمپ نے کہا ’’انھوں نے غلطی کی ہے، آپ ان سے پوچھیں۔‘‘
اس سے قبل اتوار کے شروع میں قومی سلامتی کونسل (این ایس سی) نے اس روسی حملے کو ’’ایک واضح اور سخت یاد دہانی‘‘ قرار دیا تھا، کہ اس خوف ناک جنگ کو ختم کرنے کی ٹرمپ کی کوششیں کیوں بروقت اور اہم ہیں۔
روس کا یوکرینی شہر سومی پر بیلسٹک میزائل حملہ، 34 ہلاک
تاہم نہ ہی ٹرمپ اور نہ ہی وائٹ ہاؤس نے ماسکو کو حملے کا مرتکب قرار دیا، حالاں کہ اس سے قبل سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے سومی پر آج کے خوفناک روسی میزائل حملے کے متاثرین کے لیے تعزیت پیش کی تھی۔ خیال رہے کہ سومی کا یہ حملہ امریکی صدارتی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات اور جنگ کے خاتمے کے لیے ٹرمپ کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے روس کے دورے کے 2 دن بعد ہوا ہے۔
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اتوار کو امریکی صدر پر زور دیا کہ وہ روس کے حملے سے ہونے والی تباہی کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے یوکرین کا دورہ کریں۔