ممبئی: معروف بالی وڈ اسٹار گووندا اور اہلیہ سنیتا آہوجا میں طلاق کی گردش کرتی قیاس آرائیوں کے بعد اداکار کے وکیل نے خاموشی توڑ دی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق للت بندل نہ صرف گووندا کے وکیل بلکہ خاندانی دوست بھی ہیں۔ انہوں نے ایک میڈیا آؤٹ لیٹ سے گفتگو میں انکشاف کیا کہ سنیتا آہوجا نے تقریباً 6 ماہ قبل طلاق کیلیے درخواست دائر کی تھی لیکن اب جوڑے میں معاملات ٹھیک ہو رہے ہیں اور دونوں ایک ساتھ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گووندا اور سنیتا کے بعد ایک اور اداکار جوڑے کا طلاق لینے کا فیصلہ
للت بندل نے بتایا کہ ہم نے نئے سال کے دوران نیپال کا سفر کیا اور پشوپتی ناتھ مندر میں ایک ساتھ پوجا بھی کی تھی، اب جوڑے کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے، میاں بیوی کے درمیان مسائل ہوتے ہیں لیکن وہ مضبوط ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
گووندا کے وکیل نے اس بات کو بھی مسترد کیا کہ اداکار اور سنیتا آہوجا الگ الگ اپارٹمنٹس میں رہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گووندا نے یہ علیحدہ بنگلہ ممبر پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد سرکاری استعمال کیلیے خریدا تھا اور یہ اس اپارٹمنٹ کے بالکل برعکس ہے جس میں ان کے اہل خانہ رہائش پذیر ہیں، اداکار بنگلے میں سیاسی ملاقاتیں کرتے ہیں اور اکثر وہیں سوتے بھی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ہونے والے شور کو نظر انداز کرتے ہوئے وکیل نے کہا کہ پوڈکاسٹ سے سنیتا آہوجا کے نامکمل بیانات کو جوڑے کے خلاف آسانی سے استعمال کیا جا رہا ہے۔
للت بندل نے کہا کہ جب سنیتا آہوجا نے کہا کہ ’میں اگلے جنم میں گووندا کو اپنے شوہر کے طور پر نہیں چاہتی‘ تو ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’میں ان کے جیسا بیٹا چاہتی ہوں‘۔
گووندا نے مارچ 1987 میں سنیتا آہوجا سے شادی کی تھی اور اگلے ہی سال ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔ ان کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام یشوردھن ہے جو 1997 میں پیدا ہوا۔