بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے 16 سال بعد شاہ رخ خان کے ساتھ جھگڑے کے معاملے پر خاموشی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم غدر 2 کی کامیابی کا جشن منانے والے بالی ووڈ اداکار سنی دیول نے کنگ خان سے 16 سال تک بات چیت نہ کرنے کے سوال پر لب کشائی کی ہے۔
سنی دیول نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ان کے اور شاہ رخ خان کے درمیان اب کسی قسم کا تنازع نہیں ہے اور دونوں کے تعلقات بالکل ٹھیک ہیں۔
سنی دیول نے کہا کہ غدر 2 کی کامیابی پر شاہ رخ نے مجھے فون کرکے مبارکباد دی، فلم کی ریلیز سے قبل بھی شاہ رخ نے میرے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
اداکار نے کہا ‘فلم ہٹ ہوئی تو شاہ رخ نے فون کرکے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں، یہ فلم اتنی کامیابی کی حق دار ہے اور وہ اپنی فیملی کے ہمراہ فلم دیکھنے جائیں گے اور پھر انہوں نے دیکھی بھی، شاہ رخ کی اہلیہ گوری خان اور بیٹے آریان خان نے بھی مجھ سے بات کی’۔
سنی دیول کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے میں نے خاص طور پر کسی رنجش کے سبب شاہ رخ سے بات نہیں کی لیکن میں نے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی اور میں ویسے بھی زیادہ سماجی رابطوں کا قائل نہیں، اسی لیے ہماری کبھی ملاقات ہوئی ہی نہیں تو بات کیسے ہوتی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شاہ رخ خان سے ایکس پر مداح نے سوال کیا تھا کہ ’آپ نے غدر 2 دیکھی۔‘ جس پر شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ ’جی بہت اچھی فلم ہے۔‘
Yeah loved it!! https://t.co/Hd6hc6hi8Q
— Shah Rukh Khan (@iamsrk) August 26, 2023