کراچی : سپرہائی وے پر ملیر انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرکے تاجروں کے کنٹینرز کو لوٹنے والے دو ملزمان کو گرفتارکرکے دو کروڑ مالیت کا سامان برآمد کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیرانویسٹی گیشن ملک الطاف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے ملیرکے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سامان سے بھرے ہوئے کنٹینرز کو لوٹنے والے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے.
گرفتارملزمان چند روز قبل کراچی سے لاہور بھیجے گئے تھے، ان ملزمان نے کاسمیٹکس کے سامان سے بھرا ٹرک لوٹ لیا تھا.
ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے بھنگوریہ گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے دو کروڑ روپے مالیت کا کاسمیٹکس کا سامان بھی برآمد کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتارملزم کے ایک ساتھی کو پشاور سے بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ گروہ میں مزید چھ سے آٹھ افراد شامل ہیں جن کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔