کراچی : پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر نے اسرائیل کی حمایت کرنے پر اسرائیلی نژاد امریکی اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ عائشہ عمر نے مشہور ہالی ووڈ فلم میں ونڈر ویمن کا کردار ادا کرنے والی اسرائیلی نژاد اداکارہ گال گدوت کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے اسرائیلی بمباری کو ظلم اور فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر صیہونی فورسز کے حملے جنگ یا دفاع نہیں بلکہ ظلم اور نسل کشی ہے، دنیا حقیقی تصویر کو دیکھے۔
اداکارہ نے کہا کہ ہم فلسطین اور روزانہ ضائع ہونے والی بے گناہ جانوں کےلیے دعا کرتے ہیں، اور دنیا سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کی حقیقی تصویر دیکھے۔
اس سے قبل اداکار گوہر رشید نے بھی اداکارہ گال گدوت کو اسرائیل کی حمایت کرنے پر کھری کھری سنائی تھی۔
خیال رہے کہ ہالی ووڈ فلم ونڈر ویمن میں ونڈر ویمن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ گال گدوت نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ‘میرا دل رو رہا ہے، کیوں کہ میرا ملک حالت جنگ میں ہے’۔
گال گدوت نے کہا تھا کہ ‘میں اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے لیے فکرمند ہوں، اسرائیل کو بھی آزاد اور محفوظ قوم کی حیثیت سے جینے کا حق ہے’۔