اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں منشا بم کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ منشا بم حراست میں ہے، کچھ وصولی بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں منشا بم کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی نے رپورٹ پیش کی۔
عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران ڈی آئی جی نے بتایا کہ منشا بم کے خلاف کل 66 مقدمات درج ہیں، 19 زمینوں پرغیر قانونی قبضے سے متعلق ہیں۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ منشابم کے خلاف 9 مقدمات میں تفتیش ہورہی ہے جبکہ پولیس سی ڈی اے کی زمین واگزار کرنے میں مد کر رہی ہے، منشا بم کا 32 کنال زمین پر قبضہ ختم کرا دیا گیا۔
متاثرہ فریق نے بتایا کہ میرے 9 پلاٹوں پر منشابم نے قبضہ کر رکھا تھا، عدالت عظمیٰ نے سول جج کو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سی ڈی اے سے رپورٹ لیں گے جس کے بعد کیس کی سماعت 2 ہفتے کے لیے ملتوی کردی گئی۔
منشا بم سپریم کورٹ کے احاطے سے گرفتار
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 15 اکتوبر کو قتل، اقدام قتل اور زمینوں پر قبضے میں پنجاب پولیس کو مطلوب منشا بم کو سپریم کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا۔