اسلام آباد : سپریم کورٹ نے منظور وسان کو الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا ، الیکشن ٹربیونل نے اقامہ ہولڈر ہونے پرمنظور وسان کے کاغذات مسترد کیے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے سماعت کی، الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف منظور وسان کی اپیل پر سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا۔
سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کا نا اہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے منظور وسان کو الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا۔
عدالت نے کہا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ منظور وسان کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنے گا، کاغذات نامزدگی جب بھی جمع ہوں تو اعتراضات کا آزادانہ جائزہ لیا جائے۔
خالد جاوید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ واضح کر چکی ہے کہ بدنیتی پر اثاثے چھپانا ہی نااہلی کی وجہ بن سکتا، منظور وسان نے اقامہ بدنیتی کی بنیاد پر نہیں چھپایا تھا۔
الیکشن ٹربیونل نے اقامہ ہولڈر ہونے پرمنظور وسان کے کاغذات مسترد کیے تھے، جس کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے بھی الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔
بعد ازاں منظور وسان نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا ، منظوروسان نے پی ایس 27 کوٹ ڈیجی سے 2018 میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ، 2018میں آر او نے منظور وسان کا انتخابی فارم بحال کیا تھا اور آر او کے فیصلے کو الیکشن ٹریبونل نے کالعدم قرار دیا تھا۔