اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کیخلاف کارروائی کی اجازت دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کیخلاف کارروائی کی اجازت دے دی اور کہا حکومت اور ادارے قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے شوگر ملز کیخلاف کارروائی روکنے پر درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت میں سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناع خارج کرتے ہوئے حکومت کو شوگر ملز کیخلاف کارروائی کی اجازت دے دی اور کہا حکومت اور ادارے قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگرملز مالکان کیخلاف غیرضروری اقدامات نہ کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا سندھ اوراسلام آبادہائی کورٹس 3ہفتےمیں شوگر ملز کی درخواستوں پر فیصلہ کریں۔

وکیل شوگرملز نے کہا حکومتی وزرابیان بازی کرکےمیڈیاٹرائل کرتےہیں، جس پر سپریم کورٹ نےشوگر کمیشن رپورٹ پرحکومتی عہدیداران کو بیانات سے بھی روک دیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بیان بازی سیاسی معاملہ ہے زیادہ مداخلت نہیں کرسکتے۔

اٹارنی جنرل نے کہا یہ پہلاکمیشن ہے جس میں دو وزرائے اعلی پیش ہوئے، وزیراعظم کےقریب ترین ساتھی کوبھی کمیشن میں پیش ہونا پڑا، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس میں کہا شفاف کام ہونا چاہیے کہ ملوث افراد کیفر کردار تک پہنچ سکیں، تکنیکی معاملات میں عوام کا مفاد پیچھے نہیں رہنے دیں گے۔

وکیل مخدوم علی خان کا کہنا تھا کہ حکم امتناع خارج ہوا تو ہائی کورٹس میں کیس متاثر ہوگا، اٹارنی جنرل نے سوال کیا کیا20 شوگر ملزآسمان سے اتری ہیں جو ان کے خلاف کارروائی نہیں ہو سکتی تو چیف جسٹس سپریم کورٹ نے کہا حکومت کو کام سے کیسے روک سکتے ہیں؟

اٹارنی جنرل نے کہا حکومت چینی کےبعد پیٹرولیم بحران پر بھی کمیشن بنا رہی ہے، سندھ ہائی کورٹ نےجس طرح کارروائی سےروکا وہ خلاف قانون ہے، چاہتے ہیں پیٹرول کمیشن سے پہلے حکم امتناع والامسئلہ حل ہو۔

سپریم کورٹ نے کہا حکومت عدالتی فیصلوں تک شوگرملز کیخلاف حتمی حکم جاری نہیں کر سکتے۔

یاد رہے سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور دیگر اداروں کو شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر عمل درآمد سے روک دیا تھا، جس کے بعد وفاقی حکومت نے شوگر انکوائری کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد روکنے کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں