جمعرات, اکتوبر 3, 2024
اشتہار

سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے نظر ثانی کی درخواست منظور کر لی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے آرٹیکل 63 اے نظر ثانی اپیلوں کی سماعت کی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد آرٹیکل 63 اے سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے نظر ثانی کی درخواست منظور کر لی ہے۔

چیف جسٹس نے کمرہ عدالت میں ہی مختصر فیصلہ سنایا اور کہا کہ فیصلے کی تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

- Advertisement -

واضح رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے بینچ کی تشکیل کو غلط قرار دیتے ہوئے سماعت کا بائیکاٹ کرتے ہوئے خود کو سماعت سے علیحدہ کر لیا۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے اور درخواست واپس لے لی۔

بیرسٹر علی ظفر نے عدالت میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت آپ کیلیے آئینی ترمیم اور جوڈیشل پیکیج لا رہی ہے۔ اگر آپ نے فیصلہ دیا تو یہ ہارس ٹریڈنگ کی اجازت ہو گی۔

اس موقع پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے علی ظفر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ حد کو عبور کر رہے ہیں اور فیصلے سے قبل توہین آمیز باتیں کر رہے ہیں، ہم آپ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر سکتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی جانب سے یہ بڑا بیان ہے اور اسی بات کی اجازت نہیں دیں گے۔ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ہم ہارس ٹریڈنگ کی اجازت دے رہے ہیں؟ ہم آپ کی عزت کرتے ہیں، آپ ہماری عزت کریں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کیا ہوتی ہے؟ آپ کو ہم بتائیں تو آپ کو شرمندگی ہوگی۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے کا فیصلہ ہارس ٹریڈنگ کو روکتا ہے۔ اس کے ذریعے ہارس ٹریڈنگ ختم کی گئی تھی۔ اب اس فیصلے سے دوبارہ سب کچھ اوپن ہو جائے گا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ملک کو چلنے دیں، آپ ایک فیصلے سے کیوں گھبرا رہے ہیں۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ مجھے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ بار بار ایک ہی نام کیوں لے رہے ہیں۔ آپ ہوں یا کوئی اور، سب ایک جیسے ہیں۔

آرٹیکل 63 اے نظر ثانی اپیلوں پر سماعت، بانی پی ٹی آئی نے عدالتی کارروائی سے خود کو الگ کر لیا

Comments

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں