اسلام آباد: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے 9 مئی کے مجرمانہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فوجی دفاتر، تنصیبات کو نشانہ بنانا قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، ایک پرتشدد ہجوم نے جناح ہاؤس، فوجی تنصیبات پر حملہ کیا، تاریخی مقامات کی حفاظت ضروری ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے مجرمانہ واقعات کی غیرجانبداری اور آزادانہ طور پر تحقیقات کی جائیں، اصل ذمہ داروں کا احتساب، انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
سپریم کورٹ بارکا کہنا ہے کہ تشدد کی ایسی کارروائیاں قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچاتی ہیں، ایسی کارروائیاں ملک کے استحکام، سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جناح ہاؤس پر حملہ عوام کے مشترکہ ورثے، شناخت پر حملہ ہے، تاریخی مقامات ہماری قوم کی تاریخ، اصولوں کی یادد ہانی کا کام کرتے ہیں۔
سپریم کورٹ بار کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کو دور کرنا اور امن و امان برقرار رکھنا ضروری ہے، انصاف، مناسب عمل کے اصولوں کو بھی برقرار رکھنا اتنا ہی ضروری ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں ملکی سالمیت، قانون کی حکمرانی کے لیے اپنے اختلافات دور کریں، پرامن اور جامع معاشرے کو فروغ دینا ضروری ہے، ایسا معاشرہ فروغ دیں جہاں قانونی کی حکمرانی ہو، جہاں اختلافات کو بات چیت، جمہوری عمل سے حل کیا جاسکے۔