اسلام آباد: سویڈن واقعے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پاکستان نے فارن آفس میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی، قراداد میں کہا گیا ہے کہ سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی ہولناک اور انتہائی گھناؤنا عمل ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قراداد کے متن میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اس کی مذمت کرتی اور اس پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے، قرآن مجید لاکھوں مسلمانوں کے لیے روحانی رہنمائی کا باعث ہے، قرآن پاک کی بے حرمتی مسلمانوں کے لیے اذیت اور تکلیف کا باعث ہے، قرآن پاک پوری امت مسلمہ کے لیے سرخ لکیر ہے۔
ہمارے عقائد کی توہین یا توہین کرنے والا کوئی بھی عمل برداشت نہیں کیا جائے گا، کسی بھی مذہبی صحیفے کی بے حرمتی کی مہذب معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق یہ عمل انسانی وقار اور مذہبی آزادی کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے، ایسی حرکتیں نفرت، تقسیم اور مذہبی کشیدگی کو ہوا دے سکتی ہیں، عالمی برادری اسلامو فوبیا کی لعنت کو کم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔
عالمی برادری اسلامو فوبیا کے واقعات کو ناکام بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے اور ایسے واقعات کا نوٹس لے کر عدم برداشت کے اقدامات کا خاتمہ کرے، ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے ایسے واقعات کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت اس طرح کے اقدامات کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائے، او آئی سی اسلامو فوبیا کو فروغ دینے والے تمام مجرموں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔