کراچی : سپریم کورٹ نے کمشنرکو نجی پراپرٹیز سے بھی فوری اشتہار ہٹانے کا حکم دے دیا، چیف جسٹس نے کہا سڑکوں پر اشتہار نہیں لگناچاہیے ٹی وی پر اشتہار چلتا ہے وہ کافی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے سائن بورڈز اورہورڈنگز کی تنصیب سے متعلق بڑا حکم دے دیا، سپریم کورٹ کاکمشنرکو نجی پراپرٹیز سےبھی فوری اشتہار ہٹانےکا حکم دیا۔
کمشنر کراچی نے بتایا کہ ہم نے شہر سے 300 سے زائد سائن بورڈہٹا دیے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سڑکوں پر اشتہار نہیں لگناچاہیے ٹی وی پراشتہار چلتاہےوہ کافی ہے۔
چیف جسٹس نے اشتہارات کی اجازت دینے والے افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کسی کوانسانی جان سےکھیلنےکی اجازت نہیں دے سکتے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ رجسٹری میں سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی میں غیر قانونی بل بورڈز کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے تھے کہ پورے شہر میں بل بورڈ لگے ہوئے ہیں اور اگر یہ بل بورڈ گر گئے تو بہت نقصان ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمارتوں پر اتنے بل بورڈز لگے ہوئے ہیں کہ کھڑکیاں اور ہوا بند ہوگئی ہے، لوگ ان عمارتوں میں رہتے کیسے ہیں جہاں نہ ہوا جاتی نہ روشنی، نہ دن کا پتہ چلتا ہے نہ رات کا۔ حکومت نام کی کوئی چیز ہی نہیں ہے، ہر بندہ خود مارشل لا بنا بیٹھا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں ہونے والی طوفانی بارش کے دوران ایک بل بورڈ موٹرسائیکل سوار شخص پر آگرا تھا جس سے وہ زخمی ہوگیا تھا۔