لاہور: اسکولوں وکالجوں میں منشیات کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بچوں اوروالدین کی آگاہی کے لیے مہم چلائی جائے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے اسکولوں وکالجوں میں منشیات کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ منشیات کے استعمال کے باعث 3 اموات سامنے آچکی ہیں، بچوں اوروالدین کی آگاہی کے لیے مہم چلائی جائے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ بہت سے بچے منشیات استعمال کررہے ہیں، بچوں کو منشیات کہاں سے مل رہی ہیں۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ حکومت کوادارہ قائم کرنے کا حکم دیا تھا اسکی کیا رپورٹ ہے، انہوں نے کہا کہ منشیات پورے ملک کا مسئلہ ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 16 ستمبر کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان نے نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کا نوٹس لیا تھا۔