امریکا کی جانب سے پاکستان کو بھیجےگئے دھمکی آمیز مراسلے کی کاپی سپریم کورٹ کو موصول ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق رجیم چینج سے متعلق دھمکی آمیز امریکی مراسلے کی کاپی عدالت عظمیٰ کو بھجوا دی گئی ہے جو سپریم کورٹ کو موصول ہو گئی ہے۔
دھمکی آمیز مراسلے کی کاپی سیکرٹری چیف جسٹس نے وصول کی۔ ڈپٹی اسپیکر نےکل دھمکی آمیز مراسلہ چیف جسٹس کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف دھمکی آمیز مراسلے پر بریفنگ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔ نئے وزیراعظم مراسلے پر خفیہ اداروں کے سربراہان سے بریفنگ لیں گے۔
شہباز شریف نے دھمکی آمیزخط پارلیمنٹ میں لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کوئی غدار ہے اور نہ کوئی غدار تھا،خط پارلیمان اور دنیا کےسامنے آنا چاہیے تاکہ یہ بحث ہمیشہ کےلیے ختم ہو۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارلیمان کی سیکیورٹی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں بریفنگ دی جائے، اجلاس میں خط لکھنے والے سفیر،تمام ارکان پارلیمنٹ اور مسلح افواج کےسربراہ شریک ہوں۔