سپریم کورٹ نے 14 سال قید سزا کے مجرم شاہ حسین کی سزا کالعدم قرار دے دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔
دوران سماعت مجرم کے وکیل ارشد یوسفزئی نے کہا کہ پولیس بارودی مواد کا بیگ تفتیش میں کہیں بھی ثابت نہیں کرسکی، ایک ٹانگ سے معذور شخص کا قصور اتنا تھا کہ اس نے لفٹ لی۔
وکیل نے کہا کہ آج کے دور میں لفٹ لیتے ہوئے سوچ کر بیٹھنا چاہیے، سزا پانے والا نہ موٹر سائیکل چلا رہا تھا نہ اس کا مالک تھا، جو موٹر سائیکل چلا رہا تھا اسے تو چھوڑ دیا گیا۔
جسٹس عرفان سعادت نے کہا کہ جو معذور ہے اسے سزا دے دی گئی ہے، بچپن میں سنتے تھے لنگڑا ہے لیکن بھاگتا تیز ہے۔
واضح رہے کہ شاہ حسین پر بارودی مواد کا بیگ لے کر جانے کا الزام تھا، اے ٹی سی نے 1250 گرام بارودی مواد برآمد ہونے پر 14 سال کی سزا سنائی تھی۔