جمعہ, اکتوبر 18, 2024
اشتہار

سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر ازخود نوٹس لے لیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے گزشتہ روز کی گئی پریس کانفرنس پر ازخود نوٹس لے لیا۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ازخود نوٹس پر سپریم کورٹ کا بینچ نمبر ایک کل کیس کی سماعت کرے گا، فیصل واوڈا نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

آج سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کے دوران جسٹس اظہر من اللہ نے ریماکس دیے تھے کہ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ پگڑیوں کو فٹبال بنائیں گے، ایسا کہنے والے درحقیقت خود کو ایکسپوز کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

گزشتہ روز فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اب کوئی پاکستان میں پگڑی اچھالے گا توہم اس کا فٹبال بنائیں گے، کوئی پیار کرے گا تو پیار دیں گے اگر بدمعاشی کرے گا ڈبل بدمعاشی کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ 28 مارچ 2024 چھٹی کے دن ایک پریس ریلیز آتی ہے جس میں لکھا تھا کہ جج بننے سے پہلے آگاہ کیا گیا تھا 15 روز گزر گئے کہ خط میں تفصیلات مانگی مگر جواب نہیں آیا۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ پریس ریلیز میں جسٹس بابر ستار فرماتے ہیں کہ چیف جسٹس پاکستان کو آگاہ کیا تھا میں نے خط لکھا کہ جس طرح آپ نے آگاہ کیا اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔

کسی پر الزام لگانے سے کام نہیں چلے گا ترازو پر شواہد دینا پڑیں گے

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ لوگوں کے دلوں میں شک و شبہات آ رہے ہیں، کسی پر الزام لگانے سے کام نہیں چلے گا ترازو پر شواہد دینا پڑیں گے، کوڈ آف کنڈکٹ آرٹیکل 2 کے تحت کہا گیا کہ جج اللہ سے ڈرنے والا اور اچھی زبان ہونی چاہیے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ آرٹیکل 2 کے تحت ججز کے بارے میں کہا گیا کہ کوئی لالچ نہیں ہونی چاہیے، کوئی پیپر ورک ہے تو وہ فراہم کیا جانا چاہیے۔

مجھے خط کا جواب نہیں دیا جا رہا تو عام آدمی کو کیسے ملے گا

سابق وزیر نے کہا تھا کہ بطور سینیٹر مجھے خط کا جواب نہیں دیا جا رہا تو عام آدمی کو کیسے ملے گا؟ میری ماں کیلیے سوشل میڈیا پر بیان بازی ہو رہی تھی اس وقت بھی نوٹس لیا جاتا، دو دن پہلے کراچی میں جو زیادتی کا واقعہ ہوا اس پر کوئی نوٹس لے لیتا، کل پنجاب میں ایک بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا اس پر بھی نوٹس لے لیتے۔

اتنے بڑے آئینی اور قانونی عہدوں پر بیٹھے ہیں تو کلیئر کریں

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بار بار انٹیلیجنس اداروں کا نام لیا جا رہا ہے، اگر آپ کے پاس شواہد ہیں تو دیں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے، اگر شواہد نہیں ہیں تو پھر مسائل ہیں مسئلے کا حل یہی ہے قوم چاہتی ہے، اتنے بڑے آئینی اور قانونی عہدوں پر بیٹھے ہیں تو کلیئر کریں۔

اصول کے تحت سیاستدان کو دہری شہریت جائز نہیں تو پھر جج کیوں؟

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ قانون ساز کسی دہری ملک کی شہریت نہیں رکھ سکتا، اصول کے تحت اس سیاستدان کو دہری شہریت جائز نہیں تو پھرجج کیوں؟ آپ کیلیے حلال ہمارے لیے حرام ہے ایسا کیوں ہے، میاں صاحب پر نااہلی کا کیس اس قانون سازی سے ختم کر دیا جاتا ہے  جو آپ کیلیے حلال ہے وہ ہمارے لیے حلال کیوں ہے؟ آئین و قانون میں کہاں لکھا ہے فوج سرحدوں پر جانیں دے اور ان کا تمسخر اڑایا جائے گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ہر چیز کا جواب مل رہا ہے مگر اس خط کا جواب مجھےنہیں مل پارہا، آپ شواہددیں ہم آپ کے ساتھ کھڑےہونگے، پاکستان کیساتھ بہت زیادہ مذاق اور کھلواڑ ہوچکا ہے، تمام چیزوں پرنظرثانی کریں تاکہ شک و شبہات دور ہوں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں