ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

زینب قتل کیس: ملزم عمران پر فرد جرم پیر کو عائد کی جائے گی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: زینب قتل کیس کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں ہوئی جہاں کیس کے تمام شواہد کی کاپیاں ملزم کو فراہم کردی گئیں۔ ملزم عمران پر فرد جرم پیر کو عائد کی جائے گی۔

اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے ملزم عمران کا چالان عدالت میں جمع کرانے پرزینب قتل ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا تھا اور ماتحت عدالت کو 7 دن میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں زینب قتل ازخود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے رپورٹ پیش کی۔

آئی پنجاب پولیس نےعدالت کو بتایا کہ ملزم سے تفتیش مکمل، جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا دیا گیا اور کیس کا چالان بھی جمع کروا دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے پولیس کی رپورٹ پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زینب قتل کیس میں کسی کو شکایت ہوتو وہ درخواست دائر کرے۔

بعد ازاں زینب قتل کیس کی کوٹ لکھپت جیل میں پہلی سماعت ہوئی جس میں کیس کے تمام شواہد کی کاپیاں ملزم کو فراہم کردی گئیں۔

کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی۔ ملزم عمران پر فرد جرم پیر کو عائد کی جائے گی۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ 4 پراسیکیوٹرز کی ٹیم زینب قتل کیس لڑے گی۔ زینب کیس کی سماعت پیر سے روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔


قصور، زیادتی کے بعد قتل ہونے والی ننھی پری زینب سپرد خاک


خیال رہے کہ پنجاب کے شہر قصور میں 10 جنوری کو زیادتی کے بعد قتل ہونے والی سات سالہ کم سن بچی زینب کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا تھا۔

بعدازاں چیف جسٹس آف پاکستان نے معصوم زینب کے بہیمانہ قتل کا از خود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کی تھی۔

یاد رہے کہ 25 جنوری کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے زینب قتل کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے اور چالان پیش ہونے کے بعد سات روز میں مقدمہ کا فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔


زینب کیس: ملزم عمران کے خلاف آئندہ ٹرائل جیل میں ہوں گے


واضح رہے کہ گزشتہ روزانسدادِ دہشت گردی عدالت نے زینب سمیت آٹھ کمسن بچیوں سے زیادتی اور قتل کے ملزم عمران علی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا‘ عدالت نے سرکاری وکیل کی استدعا پر مقدمہ جیل میں چلانے کا حکم دیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں