بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے کے والد و بھارتی اداکار ، سیاست دان سریش اوبرائے پاکستان مخالف بیان دینے پر تنقید کا نشانہ بن گئے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں سینئر اداکار سریش اوبرائے نے بھارتی فلموں اور کھیلوں میں پاکستان کی موجودگی پر سوال اٹھایا، انہوں نے پاکستانی اداکاروں، موسیقاروں اور کھلاڑیوں کے اپنے ملک میں کام کرنے اور شرکت کرنے پر مکمل پابندی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان کو اپنا پڑوسی کہہ رہے ہیں لیکن میں اسے اپنا دشمن کہوں گا، کیا ہمیں اسے دہشتگرد قوم کہنا چاہیے؟
انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ یہاں کوئی گلوکار، اداکار یا کوئی پاکستانی ہو، یہاں تک کہ کرکٹ میچ کے لیے بھی کوئی نہیں ہونا چاہے، میں جانتا ہوں کہ یہ عجیب لگتا ہے کیونکہ ہم کہتے ہیں کہ کھیل الگ ہیں لیکن کچھ بھی مختلف نہیں ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بیان پر سخت ردعمل دیا، اور انہیں بیٹے وویک اوبرائے پر پابندی کی یاد دلائی گئی جو اب خاندان کے ساتھ دبئی میں مقیم ہیں اور وہاں کاروبار قائم کرچکے ہیں۔
ٹک ٹاک اسٹار رومیسا خان نے لکھا کہ ’بالی ووڈ میں ان کے اپنے بیٹے کے داخلے پر پابندی ہے۔‘ اداکارہ ژالے سرحدی نے لکھا کہ ’اوہ میرے خدا یہ اب بھی نفرت پھیلا رہے ہیں۔‘
ایک صارف نے کہا کہ ’ان کے بیٹے وویک کے کیریئر میں صرف ایک ہی ہٹ گانا ہے ’تیرے لیے‘ جس میں پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے آواز کا جادو جگایا تھا، کیا آپ ایک دن بھی پاکستان کے بارے میں سوچے یا جنون میں مبتلا ہوئے بغیر گزار سکتے ہیں۔