کراچی : پولیس مقابلے میں خطرناک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، ہلاک ہونے والے ملزم کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں سی ٹی ڈی پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں 1 دہشت گرد ہلاک ہوگیا،ملزم کے باقی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، حکومت سندھ کی جانب سے ملزم کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
انچارج سی ٹی ڈی طارق اسلام کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ فرقہ وارانہ کارروائیوں میں ملوث ملزمان بارودی مواد کے ہمراہ موجود ہیں،اطلاع موصول ہونے پر ٹیم جب موقع پر پہنچی تو ملزمان نے دیکھتے ہی فائرنگ کردی۔
جوابی فائرنگ سے دہشت گرد ریاض ہلاک ہوگیا، جبکہ ملزم کے دیگر 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان جہاں بارودی مواد تیار کرتے ہیں اس جگہ کا بھی پتہ لگا لیا ہے اور جلد وہاں تک بھی پہنچ جائیں گے۔
ہلاک ملزم نے وزیرستان میں بم بننے کی ٹریننگ لی تھی۔جبکہ ملزم کا تعلق تحریک طالبان نعیم بخاری گروپ سے تھا،ملزم کے سر کی قیمت پچیس لاکھ تھی۔
ملزم نے 2008 میں بچوں کے جھولوں میں بم بھی نصب کیے تھے،ملزم کے قبضے سے لی گئی سوزوکی سے دو راکٹ ، بم بنانے کا سامان اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔