کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں چھت منہدم ہونے سے گھر کے تمام افراد زخمی ہو گئے، جب کہ ایک بچی جاں بحق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 4 ڈی میں مکان کی چھت گر گئی، حادثے میں زخمی ہونے والی 12 سالہ بچی دوران علاج جاں بحق ہو گئی، چھت کے ملبے تلے دب کر 9 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی 8 افراد عباسی اسپتال میں زیر علاج ہیں، زخمیوں میں میاں بیوی اور ان کے 6 بچے شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ادھر سندھ کے شہر سانگھڑ کے سیال گوٹھ میں کچن میں آگ لگنے سے جھلس کر زخمی ہونے والی لڑکی چل بسی ہے، گزشتہ روز 16 سالہ لڑکی چولہے میں گیس لیکیج سے آگ لگنے سے جھلس گئی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ 70 فی صد جھلسنے والی لڑکی کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، لڑکی نے زخمی ہونے کے بعد ویڈیو بیان میں کچن میں آگ سے جھلسنے کا بتایا۔