کراچی : سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سے ملنے والی مرد اور خاتون کی لاشیں ملنے کا معمہ حل ہوگیا،دونوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود حب ڈٰیم کے قریب پہاڑی سے گزشتہ ماہ ملنے والی مرد اور خاتون کی گلا کٹی اور تشدد زدہ لاشیں ملنے کا معمہ حل ہوگیا، لڑکا اور لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔
پولیس نے مقتولہ کے والد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، اس حوالے سے ایس ایس پی ویسٹ نے صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم واجد لڑکی کا باپ ہے اور اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا۔
دونوں کو پسند کی شادی کرنے پر قتل کیا گیا، ملزم نے پولیس کو دیئے گئے ابتدائی بیان میں انکشاف کیا کہ واردات میں4ملزمان شامل تھے۔
مزید پڑھیں: کراچی ، غیرت کے نام پر مرد اورعورت کو قتل کرنے والا باپ اور شوہر گرفتار
انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا، واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سرجانی تھانے کی حدود میں لڑکی اور لڑکے کی تشدد زدہ لاشیں ملی تھیں۔