پاکستان نے گزشتہ شب افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے شکست دی تاہم یہ میچ اور گزشتہ سال کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں حیران کُن مماثلت رہی۔
پاکستان نے گزشتہ شب ہمبنٹوٹا میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں ایک وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کر لی۔
میچ کے آخری لمحات اتنے سنسنی خیز تھے کہ سب سانسیں روک کر میچ دیکھ رہے تھے۔ آخری اوور تھا اور فتح کے لیے 11 رنز درکار تھے۔ سامنے فاسٹ بولر نسیم شاہ بیٹنگ کے لیے موجود تھے جب کہ گیند اس میچ کے کامیاب بولر فضل الحق کے ہاتھ میں تھی۔
پھر یوں ہوا کہ نسیم شاہ نے دو چوکوں کے ساتھ ایک گیند قبل ہی مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا لیکن میچ کے یہ آخری لمحات دیکھ کر اکثر کرکٹ شائقین چونک گئے ہوں گے کہ کہیں وہ گزشتہ سال کھیلے گئے ایشیا کپ میں پاکستان اور افغانستان کا میچ تو نہیں دیکھ رہے کیونکہ آخری اوور ہوبہو اس میچ کا ری پلے تھا۔
فرق صرف فارمیٹ کا تھا اور وہ ایشیا کپ کا ٹی ٹوئنٹی میچ تھا جس میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔ پاکستان کی آخری وکٹ کھیل رہی تھی، آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے۔
فضل الحق نے آخری اوور کرایا تو سامنے موجود نسیم شاہ نے دو چھکے لگا کر افغانستان کے جبڑوں سے فتح چھین لی تھی۔
Unbelievable finish! 👌🔥#AFGvPAK | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/JHHQzRNlyz
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 24, 2023
نسیم شاہ نے پاکستان کو کامیابی دلوا دی، افغانستان کو شکست
دونوں بار ایک ہی بولر کے جیت کے خواب کو ڈراؤنے خواب میں تبدیل کرنے کے بعد نسیم شاہ کے جشن کے انداز میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔