ریاض: سعودی عرب میں حج و عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی مزید بہتر بنانے کے لیے سروے کیا جارہا ہے، سروے کے بعد جامع منصوبہ بندی کی جائے گی۔
اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے عمرہ زائرین کو سہولت فراہم کرنے اورمسجد الحرام میں خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے سروے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
عمرہ زائرین سے کیے جانے والے سروے کا مقصد مطاف اور مسعی میں گزرنے والے دورانیے کا حساب لگانا ہے تاکہ ایام حج اور رمضان کے دوران بڑی تعداد میں زائرین کی آمد کے موقع پر سروے رپورٹس کی بنیاد پر جامع منصوبہ بندی کی جا سکے۔
مسجد الحرام میں سروے اور انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر محمد بن سعد السویھری نے بتایا کہ سروے میں عمرہ زائرین سے یہ معلوم کیا جارہا ہے کہ طواف کتنے وقت میں کرتے ہیں، بعد ازاں سعی میں کتنا وقت لگتا ہے جبکہ طواف سے مسعی تک پہنچنے میں کتنا وقت لگتا ہے۔
سروے میں یہ بھی دریافت کیا جا رہا ہے کہ طواف اور سعی کے لیے کون سی ویل چیئرز زیادہ استعمال ہوتی ہیں، نماز کی ادائیگی اور مسجد الحرام میں کون سی جگہ بیٹھنے کے لیے انہیں پسند ہے۔
سروے کے بعد حاصل ہونے والے نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی تاکہ رمضان اور ایام حج میں انتظامی امور میں آسانی ہو اور زائرین کو بھی کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محمد بن سعد السویھری کا مزید کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں آنے والے زائرین کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔