اسلام آباد : امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس نے اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں امریکا کے پاکستان میں سفیر رچرڈ اولسن اور دیگر عہدیدار جبکہ پاکستان کی طرف سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے علاوہ دفاع اور خارجہ سیکرٹریوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سوزن رائس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں اور کامیابیاں قابل قدر ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کی ہمسایہ ممالک کے ساتھ پُرامن تعلقات کی سوچ قابل قدر ہے۔
انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو امریکی صدر کا اکتوبر میں وائٹ ہاؤس کے دورے کا پیغام بھی پہنچایا۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کے مستقبل اور خطے کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
وزیر اعظم نے بھارت کی طرف سے ورکنگ بائونڈری اور کنٹرول لائن پر مسلسل خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا پاکستان اور امریکا دہشت گردی سمیت تمام شعبوں میں اہم حصہ دار ہیں۔
امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کا کہنا تھا کہ امریکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔