بھارت کی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کی جانب سے بھارتی فلم انڈسٹری کے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کا کیس بند کرنے کی رپورٹ فائل کردی گئی ہے، جبکہ اداکارہ ریحا چکرورتی کو کسی بھی الزام سے کلیئر کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ریحا اور انکے بھائی شووک چکرورتی کو سوشانت سنگھ راجپوت سے متعلق منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا۔
شووک چکرورتی نے ہفتے کو یہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد اپنے انسٹا گرام اسٹوریز پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برسوں کی عوامی جانچ کے بعد انہیں بے قصور قرار دے دیا گیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے ایک پرانی ویڈیو کو ری پوسٹ کیا، جس میں وہ ریحا کے ساتھ پہاڑوں پر چلتے نظر آرہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ”یہ سچائی کی فتح ہے۔”
یاد رہے کہ 14 جون 2020 کو سشانت سنگھ راجپوت اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے، رپورٹس کے مطابق سشانت سنگھ نے خود کشی کی تھی تاہم ان کی فیملی نے اسے قتل قرار دیا تھا۔
سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس 4 سال بعد بند کر دیا گیا
سشانت کے والد نے بہار پولیس میں ایک مقدمہ درج کروایا تھا، جس میں ریا چکرورتی پر سنگین الزامات لگائے گئے تھے، جس میں ذہنی ہراسانی، غیر ضروری طور پر ادویات دینا، مالی استحصال اور خودکشی کے لیے اکسانا شامل تھا۔