کراچی : کورنگی میں بچی ماہم سے زیادتی اور قتل کیس میں گرفتار ملزم کا آج ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا جبکہ ملزم کے بیانات کی تصدیق کرائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسماعیل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورنگی میں بچی ماہم سے زیادتی اور قتل کیس میں زیرحراست ملزم ذاکر کا آج ڈی این اےٹیسٹ کرایاجائےگا۔
ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ ملزم مسلسل بیان بدل رہا ہے، اس لئے ملزم کے بیانات کی تصدیق کرائی جائے گی۔
گذشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا تھا کہ ننھی ماہم کے سفاک قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ڈی این اے رپورٹ کے بعد ملزم کی شناخت ظاہر کریں گے۔
یاد رہے تین روز قبل کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن سے لاپتہ چھ سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد بچی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ، جس میں لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر ثمیہ نے بچی ماہم سے زیادتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بچی سے پہلے زیادتی کی گئی اس کےبعد قتل کیا گیا۔
ایم ایل او نے ابتدائی رپورٹ اور ویڈیو بیان میں انکشاف کیا تھا کہ ماہم کو ناک اور منہ بند کرکے قتل کیا گیا اور قتل کےدوران ہی زور لگانے سےگردن کی ہڈی ٹوٹی۔