کراچی میں معروف عالم دین مولانا ضیاالرحمان کے قتل میں ملوث اور 20کروڑ ڈکیتی میں مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے پرانا ٹانگہ اسٹینڈ صدر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ بنگش ڈکیت گروپ سے تعلق رکھنے والا ملزم مختلف تھانوں کی پولیس کو مطلوب ہے ملزم نے ڈکیتی کے دوران مولانا ضیا الرحمان کو قتل کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم نے ملیر کینٹ میں 2022 میں لڑکےکو قتل کیا تھا جب کہ ملزم پولیس مقابلے کے مقدمے میں مفرور اور مطلوب تھا، ملزم نے میٹھادر تھانےکی حدود میں کیش وین کو اغوا کر کے 20 کروڑ روپے لوٹے تھے۔
راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ ملزمان کا گروہ اسٹریٹ کرائم سے متعلق خوف کی علامت سمجھا جاتا ہے ملزم کے متعدد ساتھی ملک سے باہر اور متعدد جیل میں ہیں۔
اس کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کی جانب سے پولیس کےلئے تعریفی اسناد اور کیش انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔