ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو برما اسمگل کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شہریوں کو غیرقانونی طور پر برما بھیجنے میں ملوث ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے، ملزم نصیب شاہ کو تفتیشی افسر محمد وسیم کی سربراہی میں ٹیم نے مانسہرہ سے گرفتار کیا۔
ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ملزم نصیب نے شہریوں سے تھائی لینڈ کے لیے لاکھوں روپے وصول کیے، ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرین کو تھائی لینڈ سے برما ٹریفک کیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے بتایا کہ متاثرین پر برما میں اغوا کرکے شدید جسمانی تشدد کیا جاتا تھا، ملزمان متاثرین کی ویڈیوز بنا کر اہلخانہ کو بھیجتے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان شہریوں کے اہلخانہ سے 5000 ڈالرز بطور تاوان وصول کر رہے تھے، تاوان کی رقم وصول ہونے پر متاثرین کو رہائی ملتی تھی۔
اہلخانہ سے وصول کی جانے والی رقوم غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک منتقل ہوتی تھیں، ملزم نصیب شاہ کو پہلے سے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر پکڑا گیا، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔