منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

کراچی، باپ کے نہ ملنے پر ملزمان نے کمسن بچے کو موت کے گھاٹ اتار دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ میں ذاتی دشمنی کی بنا پر ملزمان نے فائرنگ کرکے کمسن بچے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ جمالی پل کے قریب غریب آباد گوٹھ میں ذاتی دشمنی کی بنا پر ملزمان نے باپ کے نہ ملنے پر فائرنگ کرکے کمسن بچے کو موت کے گھاٹ اتار دیا، فائرنگ سے ایک اور کمسن بچہ اور خاتون زخمی ہوگئیں۔

جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 5 سالہ ماجد کے نام سے ہوئی ہے، زخمیوں میں 4 سالہ یاسمین اور 22 سالہ خاتون شازیہ شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والی بچی یاسمین کی حالت تشویش ناک ہے۔

عینی شاہد خاتون مومل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواب اور دلدار نامی رشتے داروں نےفائرنگ کی، ملزمان شہداد کوٹ سے آئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان صبح گھر پر پہنچے، انڈا پراٹھے کا ناشتہ بنوایا اور ناشتہ کرنے کے بعد پہلے گھر پر موجود شازیہ کو گولیاں ماریں اس کے بعد باہر گلی میں کھیلتے ماجد اور یاسین کو پکڑ کر سر اور منہ پر گولیاں برسا دیں۔

ایس ایس پی ضلع شرقی تنویر عالم کا کہنا ہے کہ ملزم نواب اور دلدار کی جاں بحق اور زخمی بچے کے باپ تاج محمد سے پرانی دشمنی تھی اور ملزمان تاج محمد کو قتل کرنے آئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں