حویلی لکھا: دریائے ستلج میں 2 دن قبل سوجیکے کے مقام پر کشتی الٹنے سے لاپتا 8 افراد کی تلاش دوبارہ شروع کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج میں 2 دن قبل سوجیکے کے مقام پر کشتی الٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں لاپتا 8 افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن آج صبح دوبارہ شروع کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ذیشان حنیف کے مطابق کشتی میں 45 افراد سوار تھے، 33 کو بچا لیا گیا تھا، جب کہ ریسکیو آپریشن کے دوران 4 افراد کی لاشیں بھی نکال لی گئی تھیں، جن میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل تھا۔
ڈی سی کا کہنا تھا کہ لاپتا 12 افراد میں سے 4 کی لاشیں مل گئیں، تاہم 2 خواتین سمیت 8 افراد تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن صبح دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کشتی پر 45 افراد کے علاوہ کھاد کے بیگ، 15 سے 20 موٹر سائیکلیں بھی موجود تھیں، مسافروں میں سے 43 کا تعلق ضلع بہاولنگر کی تحصیل منچن آباد سے جب کہ 2 کا دیپالپور سے تھا۔