روس میں بیوٹی ٹریٹمنٹ ایک خاتون کو اتنی مہنگی پڑ گئی کہ ان کی زندگی برباد ہو گئی، خاتون آرکٹیکٹ کا چہرہ کسی ممی کی طرح سکڑ گیا، اور وہ راتوں رات 10 سال بڑی دکھائی دینے لگیں۔
37 سالہ خاتون سویٹلانا کا تعلق روسی شہر پرم سے ہے، انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ خوب صورتی کے لیے کلینک گئی تھی لیکن اس کے برعکس نتیجہ نکل آیا، اور غلط انجیکشن سے ان کا چہرہ اس طرح سکڑا جیسے کسی ممی کا ہوتا ہے۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ان کے دوست نے کہا تھا کہ وہ کچھ معمر سی لگنے لگی ہیں، اس لیے وہ بیوٹی ٹریٹمنٹ کے لیے گئی، لیکن اس چکر میں اپنے چہرے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا بیٹھیں، اور دوست کو بھی ہمیشہ کے لیے کھو دیا۔
خاتون نے ایک ویڈیو بھی شئیر کی جس میں انھوں نے بتایا کہ ڈاکٹر کے غلط انجیکشن سے ان کا چہرہ ’ممی‘ کی طرح سکڑ گیا اور جلد ڈھیلی ہو گئی اور اس کے چہرے پر جھریاں آ گئیں۔
سویٹلانا نے بتایا کہ کاسمیٹک سرجن نے ایک نئی دوا استعمال کی ہے جو حال ہی میں برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک میں استعمال کے لیے منظور کی گئی ہے، لیکن اس نئی دوا نے ان کے چہرے پر کولیجن کو تباہ کر دیا، اور جلد ڈھیلی ہو گئی۔
اگرچہ خاتون کی شکایت پر سرجن کے خلاف مجرمانہ مقدمہ شروع کیا گیا ہے، لیکن سویٹلانا کا کہنا ہے کہ ان کی محبت، زندگی اور کیریئر برباد ہو چکے ہیں۔
سویٹلانا نے بتایا کہ ایک بار سرجری خراب ہونے پر ڈاکٹر نے تسلی دی اور دوبارہ مفت انجکشن لگانے شروع کر دیے جس سے ان کا چہرہ مزید خراب ہو گیا۔
خاتون کے مسائل اس وقت شروع ہوئے جب انھیں کاسمیٹولوجسٹ نے مشورہ دیا کہ لونگیڈازا (Longidaza) کے انجیکشن سے پرانے لفٹنگ جیل ایمپلانٹس کو ہٹا دیا جائے، یہ ایک روسی دوا ہے جو رواں سال کئی مغربی ممالک میں استعمال کے لیے منظور کی جا چکی ہے۔
ڈاکٹر نے انھیں یقین دلایا کہ اس انجیکشن سے ان کی آنکھوں کے نیچے جلد میں موجود اضافی جیل ختم ہو جائے گی۔
خاتون نے بتایا کہ ٹریٹمنٹ کے بعد شام کو میں آئینے کے پاس گئی اور دیکھا کہ میرا چہرہ بدلنا شروع ہو گیا ہے، میری آنکھوں کے نیچے کی جلد سوکھ گئی تھی اور سچ میں لٹک گئی تھی، اور پھر ہر گھنٹے بعد میرا چہرہ تیزی سے خش ہونے اور سکڑنے لگا۔
سویٹلانا نے اپنی تصاویر اور ویڈیوز سے دوسری خواتین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ساتھ ان جیسی غلطی نہ دہرائیں۔