ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکارہ سوارا بھاسکر نے سیاست میں قدم رکھنے اور ریاست مہاراشٹر اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے کی تیاری شروع کر دی۔
یہ دعویٰ بھارتی میڈیا کی جانب سے کیا جا رہا ہے تاہم اس کا باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔ سوارا بھاسکر ممبرا کلوا حلقہ سے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ٹکٹ پر انتخابات لڑ سکتی ہیں۔
مہاراشٹر سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور ایم ایل اے ابو عاصم اعظمی نے بھی اس بات کا اشارہ دیا ہے۔ یاد رہے کہ سینئر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) لیڈر جتیندر اواد کلوا ممبرا حلقہ سے ایم ایل اے ہیں۔
دوسری جانب سوارا بھاسکر کے شوہر اور ایس پی رہنما فہد احمد نے اپنے بیان میں بتایا کہ میں اہلیہ کے سیاست میں قدم رکھنے کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، میں پارٹی صدر اکھلیش یادوکے حکم پر عمل کروں گا۔
فہد احمد نے کہا کہ میں اس حلقے سے الیکشن لڑوں گا جہاں سے میری پارٹی کے صدر مجھے الیکشن لڑنے کیلیے کہیں گے اور میں اس کیلیے پوری طرح تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سوارا بھاسکر فی الحال سیاست میں نہیں آ رہیں، اس لیے میں ابھی ان کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ یاد رہے کہ فہد احمد سماج وادی پارٹی کے یوتھ ونگ کے صدر ہیں۔
بالی وڈ اداکارہ سماجی اور سیاسی معاملات پر مسلسل اپنی رائے کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔