لاہور: پنجاب کابینہ کی تقریب حلف برداری میں تاخیر کیوں ہوئی؟ وجہ سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی تعیناتی کے بعد پنجاب کابینہ کے پہلے مرحلے میں ارکان نے حلف اٹھایا، رات گئے کابینہ کی حلف برداری پر سوالات اٹھائے گئے تاہم اب اس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سید حسن مرتضیٰ کو سینئر وزیر بنانےمیں ٹال مٹول کی وجہ سےتاخیر ہوئی کیونکہ حسن مرتضیٰ کو ن لیگ سینئر وزیر تسلیم کرنےکےلیے تیار نہ تھی، جس کے باعث حلف برداری سے قبل دوسرے ساتھی کے ہمراہ حسن مرتضی گورنر ہاؤس سے واپس چلےگئے تھے۔
تاہم بعد میں انہیں مناکر لایا گیا اور سینئر وزیر بنانےکی یقین دہانی کرائی گئی جس کے بعد حسن مرتضیٰ اورحیدر علی گیلانی نےصوبائی وزیر کا حلف اٹھایا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کابینہ نے حلف اٹھالیا
واقعے سے متعلق حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت میں ایسے معاملات ہوتے رہتےہیں، سینئر وزیر کی تعیناتی کامیرا نوٹی فکیشن بھی ہو چکاہے، اب کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی کابینہ کی تقریب حلف برداری رات گئے گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی، جہاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبائی کابینہ سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی شرکت کی۔
حلف اٹھانے والوں میں حسن مرتضیٰ، خواجہ سلمان رفيق، کامران اقبال، علی حیدر گیلانی، رانا اقبال خان، ملک احمد خان، اويس خان لغاری اور عطااللہ تارڑ شامل تھے،پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضی سينئر وزیر بنائے گئے جبکہ خواجہ سلمان رفيق کو وزيرصحت، سردار اويس خان لغاری کو وزير بلديات اور عطاء اللہ تارڑ کو مشير داخلہ پنجاب کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔