تازہ ترین

خاکروب کی بیٹی نیوی میں افسر بن گئی

محنت میں ہی عظمت ہے یہ بات ایک خاتون خاکروب کی بیٹی نے ثابت کر دی جس نے اپنی لگن اور محنت سے نیوی افسر بننے کا خواب حقیقت میں بدل دیا۔

یہ محنتی اور لائق لڑکی 20 سالہ شویتا پنڈٹ ہے جو بھارتی ریاست مہاراشٹر کی خاتون خاکروب کی بیٹی ہے جس نے کیڈٹ کے طو پر بھارتی بحریہ میں شامل ہونے کا اپنا خواب سچ کر دکھایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شویتا نے نیوی میں کیڈٹ کے طور پر داخلے کے خواہشمند 400 سے زائد امیدواروں کو شکست دے کر خود کو اہل ثابت کیا۔

تاہم شویتا نے اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے انتہائی کٹھن وقت گزارا اور رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے منزل تک پہنچی ہے۔

یہ لڑکی ہڈپسر کے سادھنا گرلز اسکول میں پڑھی ہے جو داخلہ داخلہ امتحان کی تیاری کے لیے پرائیویٹ ٹیوشن تک کا خرچہ برداشت نہیں کر سکتی تھی لیکن اس نے حالات سے شکست نہ کھائی اور آن لائن تیاری کے ساتھ چیلنجنگ فٹنس ٹیسٹ اور اپنے بھائی کی مدد سے اپنا خواب سچ کر دکھایا۔

تحریری اور فٹنس ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد بھی اس کی مشکلات کم نہ ہوئی تھیں بلکہ اڈیشہ میں اپنے ٹریننگ یونٹ میں شامل ہونے سے پہلے اس کے پاس اسٹیشنری خریدنے کے لیے بھی پیسے نہیں تھے جب کہ اس کی ٹرین کا ٹکٹ بھی منسوخ ہو چکا تھا۔

شویتا نے صفائی تنظیم سواچھ سے مطلوبہ اشیا کے حصول کے بعد چچا کے ذریعے ہوائی جہاز کی ٹکٹ کا بندوبست کیا گیا جس سے وہ دو دن پہلے اپنے ٹریننگ بیس پر پہنچی۔

 شویتا کی نیوی میں باقاعدہ کمیشنڈ کیڈٹ کے طور پر تعیناتی سے قبل اسے اڈیشہ میں نیول بیس آئی این ایس چلکا میں تربیت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

وہ چھ ماہ تک آئی این ایس چلکا پر تربیت حاصل کریں گی۔ 14 دن کے وقفے کے بعد چھ ماہ کی ٹریننگ کا اگلا مرحلہ شروع ہوگا جس میں کارکردگی کی بنیاد پر وہ بحریہ میں پوسٹنگ حاصل کرے گی۔

Comments

- Advertisement -