لاہور : گھر کے سوئمنگ پول سے گیارہ سالہ گھریلو ملازمہ کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ نارووال میں بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کے واقعے کا آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ فیصل ٹاﺅن میں ایک گھر کے سوئمنگ پول سے گیارہ سالہ گھریلو ملازمہ کی لاش برآمد ہوئی ہے پولیس کے مطابق واقعہ کےبلاک میں واقع ایک گھر میں پیش آیا۔
جہاں گھر میں بنائے گئے سوئمنگ پول سے گھریلو ملازمہ گیارہ سالہ حنا کی لاش برآمد ہونے کی اطلاع پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی، پولیس کا کہنا ہے کہ شک کی بنیاد پر دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب نارووال میں بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کے معاملے کا آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نوازخان نے بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل سے متعلق ڈی پی او نارووال سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی، آئی جی پنجاب نے ڈی پی او نارووال کو واقعہ میں ملوث ملزموں کی جلد گرفتاری کی ہدایت کردی ہے۔