سڈنی: آسٹریلیا میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے بڑے شہر سڈنی اور دیگر علاقوں میں کرونا کیسز میں ریکارڈ اضافے کے بعد حکام نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پانچ ہزار آسٹریلوی ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے جو خلاف ورزی کرنے والے سے موقع پر وصول کیا جائے گا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریاست میں جو بھی شہری گھر پر رہنے کی ہدایت کی خلاف ورزی کرے گا اس سے موقع پر جرمانہ وصول کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ایک ہزار آسٹریلوی ڈالر جرمانہ عائد کیا جاتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا سرٹیفکیٹ : سعودی عرب آنے والے دو غیر ملکیوں کو کڑی سزا مل گئی
ریاستی وزیراعظم گلیڈز بریجکلیان کا کہنا ہے کہ ہمیں اس وقت بدترین صورتحال کا سامنا ہے جو اس سے قبل نیو ساؤتھ ویلز نے نہیں دیکھی، اور یہ بھی افسوسناک ہے کہ آسٹریلیا اس وقت مشکل ترین حالات کا شکار ہے۔
گلیڈز بریجکلیان کا کہنا تھا کہ ہم اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے لیکن ستمبر اور اکتوبر بہت سخت ہوں گے،انہوں نے کہا کہ یہ بالکل ایک جنگ کی طرح ہے، اور ہم جانتے ہیں کہ پچھلے کچھ عرصے سے ہم اس جنگ میں ہیں لیکن اس حد تک کبھی نہ تھے۔
واضح رہے کہ سڈنی میں مقامی طور پر وائرس کے منتقلی کے ایک دن میں چار سو چھیاسٹھ نئے کیسز رپورٹ کیے گئے جو ایک ریکارڈ ہے، اس دوران چار ہلاکتیں بھی ہوئیں، ریاست میں کرونا کے حالیہ پھیلاؤ کے دوران اب تک بیالیس اموات ہو چکی ہیں۔