سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ 27 اکتوبر1947 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس دن بھارتی فوج جموں وکشمیر میں داخل ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق حریت رہنما سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے مکمل شٹر داؤن کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے باہر مقیم تمام کشمیری 27 اکتوبر کو بھارت کے قبضے کے خلاف مظاہرے کریں اور مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں قید شہریوں کی حالت زار کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کروائیں۔
سید علی گیلانی نے کہ بھارت سے آزادی کے لیے کشمیری 1947 سے تاحال قربانیاں دے رہے ہیں اور ان کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک جدوجہد جاری رکھنے کے لیے بدستور پرعزم ہیں۔
کشمیری رہنما نے کہا کہ 27 اکتوبر1947 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس دن بھارتی فوج جموں وکشمیر میں داخل ہوئی تھی اور کشمیریوں کی منشا اور تقسیم کے منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے پر قبضہ کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کی سربراہی میں بھارتی حکومت کے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا فیصلہ، مظالم میں اضافہ مقبوضہ کشمیر کو اپنی کالونی بنانے کے پرانے ہتھکنڈے ہیں۔