کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ نے کہا ہے کہ وفاق نے ابھی تک ہمیں 166 ارب روپے نہیں دیے، ہم نے سندھ میں کام کیا، کراچی کو امن کا گہوارہ بنایا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ امن وامان کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے، سندھ میں اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے نمایاں اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ 2013 میں کراچی میں امن وامان کی صورت حال خراب تھی، آئے دن فائرنگ سے لوگ مارے جاتے تھے، شہر میں ہڑتالیں ہوتی تھیں، لیکن اب شہر کی روشنیاں بحال ہورہی ہیں، ہم نے کراچی سےخوف اور دہشت گردی کا خاتمہ کردیا۔
الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، مراد علی شاہ
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے، کراچی کو امن کا گہوارہ بنایا، مخالفین کا کام ہے تنقید کرنا، عوام کس کے ساتھ ہیں اس کا اندازہ عام انتخابات میں ہوجائے گا، لوگ آج بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ کراچی میں امن بڑی قربانیوں سے آیا ہے، دہشت کا ماحول ختم ہوگیا ہے، پیپلز پارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے ان کا خون رائیگا نہیں جانے دیں گے۔
کراچی میں امن بڑی قربانیوں سے آیا ہے، دہشت کا ماحول ختم ہوگیا، مراد علی شاہ
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ آئندہ انتخابات میں عوام ایم کیو ایم کو ووٹ نہیں دیں گے، جن لوگوں نے شہر کو یرغمال بنایا انہیں عوام عام انتخابات میں باہر کردیں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔