لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ہالی ووڈ کے سینئر اداکار سلویسٹر اسٹیلون کی مشہور فلموں میں استعمال ہونے والی اشیا نیلام کی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایکشن فلموں کے ہیرو سلویسٹر اسٹیلون کی فلموں میں استعمال شدہ اشیا نیلامی کے لیے پیش کر دی گئیں۔
سلویسٹر اسٹیلون کے مداحوں کے لیے فلم ‘راکی’ کے باکسنگ گلووز اور ‘ریمبو’ کے ہیڈ بینڈ سمیت کئی اشیا نیلامی کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
75 سالہ سلویسٹر اسٹیلون کی ان یادگار اشیا کی نیلامی لاس اینجلس میں اس سال 5 دسمبر کو ہوگی اور امید کی جا رہی ہے کہ اس نیلامی سے 15 لاکھ امریکی ڈالرز کی رقم جمع ہوگی، وہ اپنا گھر تبدیل کر رہے ہیں اسی لیے یہ اشیا نیلام کر رہے ہیں۔
یہ اشیا جن مشہور فلموں میں استعمال ہوئی ہیں ان میں راکی، ریمبو، دی ایکسپینڈیبلز، کلف ہینگر، ڈیمولیشن مین، دی اسپیشلسٹ، اساسنز، اسکیپ پلان، کاپ لینڈ اور جج ڈریڈ شامل ہیں۔
جولینز آکشنز کا کہنا ہے کہ سلویسٹر اسٹیلون کے ذاتی آرکائیو سے لگ بھگ 500 اشیا نیلام کی جا رہی ہیں، ان میں مشہور فلموں میں استعمال کیے گئے کاسٹیومز، پروپس، اسکرپٹس، نوٹ بُکس اور ایسی دیگر یادگار چیزیں شامل ہیں۔
نیلامی کے ایک بلاک میں سلویسٹر اسٹیلون کی دیگر ذاتی اشیا بھی رکھی جا رہی ہیں، جن میں ایوارڈز، نفیس زیورات، فرنیچر، سگار کا سامان اور دیگر قیمتی چیزیں شامل ہیں۔