وٹامن ڈی نہ صرف جسم کے لیے مفید ہے بلکہ کئی امراض سے بچاتا بھی ہے، اس کی کمی یا نقص سے کئی مہلک امراض لاحق ہو سکتے ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے اگر کوئی کرونا وائرس کا شکار ہو جائے تو بھی اس کے نظام تنفس کی بہتری کے لیے وٹامن ڈی مفید ہوتا ہے۔
ڈائٹ آف ٹاؤن کلینک سے تعلق رکھنے والی ماہر غذائیت عبیر ابو راجیلی نے وٹامن ڈی کی کمی کی علامات کے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔
سب سے زیادہ خطرہ کن لوگوں کو؟
کچھ لوگوں کو وٹامن ڈی کی کمی کا زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے جن میں شامل ہیں 65 سال سے زیادہ عمر کے مرد و خواتین، حاملہ عورتیں، بچوں کو دودھ پلانے والی عورتیں، موٹاپے کا شکار افراد، آنتوں میں سوزش والے افراد، سخت جلد والے افراد اور ایسے لوگ جو سورج کی روشنی نہیں لیتے۔
وٹامن ڈی کے ذرائع
سورج کی شعاعوں کے سامنے رہنے سے انسانی جسم وٹامن ڈی خود کار طریقے سے پیدا کرتا ہے، سورج کی روشنی میں روزانہ 10-15 منٹ بیٹھنے سے جسم کو وٹامن ڈی ملتا ہے، اس کے علاوہ کھانے کے ذرائع جیسے انڈے کی زردی، پنیر، دودھ سے تیار کردہ اشیا، اور سالمن مچھلی وغیرہ سے بھی اس کی کافی مقدار مہیا ہوتی ہے۔
روزانہ مطلوبہ مقدار
بچوں کو روزانہ 400 IU وٹامن ڈی کی ضرورت ہوتی ہے، اور ایک سال سے 70 سال کی عمر تک انھیں روزانہ 600 IU کی ضرورت ہوتی ہے، جب کہ 70 سے زیادہ عمر کے افراد کو روزانہ 800 IU کی ضرورت ہوتی ہے۔
خواتین میں وٹامن ڈی کی کمی کی علامات
قوت مدافعت کی کمزوری
وٹامن ڈی جسم کی قوت مدافعت کو تیز کرنے، نزلہ زکام اور انفلوئنزا سے بچنے اور بیماری کی مدت کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، یہ وٹامن سفید خون کے خلیوں کی سرگرمی کو بڑھاتا ہے جو بیکٹیریا سے لڑتے ہیں۔
اگر آپ آسٹیوپوروسس، دائمی تھکاوٹ، اکتاہٹ، دائمی درد، جوڑوں میں سوزش وغیرہ سے دو چار ہیں تو یہ آپ کے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کی نشان دہی کرتا ہے۔ جسم میں وٹامن ڈی اور موسمی اختلافات، جسم میں انفیکشن کی موجودگی خاص طور پر سانس کے انفیکشن، کے درمیان گہرا تعلق ہے۔
دل اور شریانوں کی بیماری
وٹامن ڈی عمر رسیدہ افراد کو قوت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے، خصوصاً دل کی بیماریوں سے بچاتا ہے۔ اگر آپ ہائی بلڈ پریشر، یا دل کی بیماریوں سے دو چار ہیں، یا پہلے دل کا دورہ پڑا ہے تو یہ وٹامن ڈی کی کمی کی نشان دہی کرتا ہے۔
ذہنی دباؤ
کچھ مطالعات میں وٹامن ڈی اور افسردگی کے مابین ایک ربط دکھایا گیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ افسردگی کے خطرے کے تناظر میں وٹامن ڈی کی سطح کو بہتر بنانا ضروری ہے۔