دمشق: اسرائیل نے خطے کو آگ میں جھونک دیا ہے، گزشتہ دو روز میں صہیونی فورسز نے شام پر 480 حملے کر دیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے بمبار طیاروں نے گزشتہ رات شام کی بندرگاہوں کو نشانہ بنایا، جہاں بحریہ کے 15 بحری جہاز لنگر انداز تھے۔
اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شام پر چار سو اسّی حملے کیے ہیں، جس میں کئی شہروں میں 15 بحری جہاز، طیارہ شکن بیٹریاں اور ہتھیاروں کی تیاری کے مقامات کو تباہ کر دیا گیا۔
اسرائیل نے شام پر برسوں سے جاری اپنے حملوں کو جواز بنا کر یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایرانی فوجی اہداف کو ختم کر رہا ہے، تاہم ایران نے کہا ہے کہ اس کی کوئی بھی فوج فی الحال شام میں نہیں ہے۔
واضح رہے کہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے اسرائیلی جیٹ اور جنگی جہاز شام پر بمباری کر رہے ہیں، انھوں نے گزشتہ دو دنوں میں دمشق، حمص، طرطوس، لطاکیہ اور پالمیرا کے شہروں میں 480 اہداف کو نشانہ بنایا۔ ان کارروائیوں میں کم از کم 2 عام شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
اس دوران لطاکیہ اور البیدا کی بندرگاہوں پر بھی بمباری کی گئی، جب کہ تیاس ایئربیس کے ساتھ ساتھ دمشق اور قمشلی ایئرپورٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج کا تخمینہ ہے کہ اس نے شام کی 80 فی صد فوجی صلاحیتوں کو تباہ کر دیا ہے، یہ اسرائیل کی جانب سے شام میں تاریخ کی سب سے بڑی جارحانہ کارروائیوں میں سے ایک ہے۔
اسرائیلی فوج اور ایک سیرین وار مانیٹر نے کہا کہ اسرائیل نے جن اہداف کو نشانہ بنایا ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں: فضائی دفاعی نظام، راڈار، میزائل لانچر اور فائرنگ کی پوزیشنیں۔ لڑاکا طیارے، فوجی ہیلی کاپٹر اور متعدد ایئر بیسز پر ہینگرز۔ کم از کم 15 بحری جہاز جن میں بحری جہاز اور میزائل کشتیاں شامل ہیں۔ ہتھیاروں کے ڈپو، پروڈکشن سائٹس اور مختلف قسم کے میزائل۔ شام کے کیمیائی ہتھیاروں کے پروگرام سے منسلک سائنسی تحقیقی مراکز۔
نیتن یاہو نے شام کے نئے حکمرانوں کو دھمکی دیدی
ادھر شامی اپوزیشن کے جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ انھوں نے کرد فورسز سے شمال مشرقی شہر دیر الزور چھین لیا ہے، حیات تحریر الشام کے رہنما احمد الشارع، جسے الجولانی بھی کہا جاتا ہے، نے شام کی تعمیر نو کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ شامی 14 سال کی جنگ کے بعد اب ’تھک چکے‘ ہیں۔
شام کے نگراں وزیر اعظم محمد البشیر کا کہنا ہے کہ شامیوں کو ’استحکام اور سکون‘ کی ضرورت ہے، اور وہ عوامی خدمات اور اداروں کو بحال کرنے کے لیے بشار الاسد کی حکومت کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ فضائی حملوں کے ساتھ اسرائیلی فورسز شام میں زمینی کارروائی کا دائرہ کار بھی بڑھاتی جا رہی ہے، صہیونی فوج نے گولان کی پہاڑیوں میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی بنائے گئے جنگ سے مبرا علاقے بفرزون پر قبضہ کر لیا ہے، اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوژارک نے اسرائیلی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے بفرزون میں تین مقامات پر اپنی فوجیں تعینات کی ہیں، قطر کے دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ صورت حال ناقابل قبول ہے کہ اسرائیل اس وقت حالات کا ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے۔